اسلحہ جمع کرائیں اور پیزا مفت پائیں

انڈیانا پولس:  امریکا میں گزشتہ تین عشروں سے لذیذ اور خوش ذائقہ پیزا فروخت کرنے والی کمپنی ڈی اینڈ سی نے جرائم میں کمی کے لیے ایک دلچسپ پیشکش کی ہے جس کے تحت اگر کوئی ان کے پاس پستول اور دوسری ہینڈ گن جمع کرائے گا تو اسے غیرمعمولی طور پر تیار کردہ ایک بڑا پیزا مفت میں دیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ملک میں ایک عام سے پستول کی قیمت سیکڑوں ڈالر جب کہ پیزا چند ڈالر کا آتا ہے، اس لئے اسلحے کے بدلے پیزا کی پیشکش بظاہر مضحکہ خیز لگتی ہے  لیکن پیزا کمپنی کے مالکان کا کہنا ہے کہ کئی گاہکوں نے اسلحہ جمع کراکر اس کے بدلے بخوشی پیزا لیا ہے اور اس اسلحے کو  پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے۔ اب تک پستول کے بدلے پیزا کی آفر کو پولیس کی جانب سے باقاعدہ اجازت نہیں دی گئی ہے لیکن اس سے قبل ہی لوگ پستول جمع کراکر پیزا حاصل کررہے ہیں۔

ایک پیزا برانچ کے مالک ڈونلڈ ڈینسی نے بتایا کہ اسلحے کی وجہ سے کئی علاقے میدانِ جنگ بنے ہوئے ہیں۔ ان جرائم میں زیادہ تر جذباتی اور کم عمر نوجوان ملوث ہوتے ہیں اور گن کے بدلے پیزا ان کی جان بچانے کی ایک تدبیر ہے۔ ان کے پاس 14 سے 18 برس کے لڑکے بھی اسلحے کے بدلے پیزا لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ انڈیانا پولس امریکا کے 10خطرناک ترین شہروں میں سے ایک ہے جہاں 2015 میں قتل کی شرح سب سے بلند تھی یعنی اوسطاً ایک لاکھ شہریوں میں سے 16 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں