دبئی میں اب مسافر ڈرونز پر سفر کریں گے

(ڈان نیوز)
دنیا کا پہلا مسافر بردار ڈرون اپنی پروازوں کے سلسلے کا آغاز رواں سال جولائی میں دبئی سے کرے گا۔

جی ہاں دبئی میں بہت جلد اب لوگ ٹیکسیوں یا دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کی بجائے ایک چینی کمپنی کے تیار کردہ بڑے ڈرون کے ذریعے اپنی منزلوں تک پہنچیں گے۔

ای ہینگ 184 نامی اس ڈرون کو گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا اور اسے دنیا کی پہلی خودکار فضائی سواری کا نام دیا گیا تھا جو لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچائی گئی۔

اس ڈرون یا کواڈ کاپٹر میں لوگوں کو ٹچ اسکرین میں اپنی منزل کا اندراج کرنا ہوگا جس کے بعد وہ خودکار طور پر اڑ کر انہیں وہاں پہنچا دے گا۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹیشن ایجنسی نے اس بات کا اعلان کیا کہ اب وہاں ڈرونز کو پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

یہ ڈرون بجلی سے چلتا ہے جس کے چار بازو اور 8 پروپلر ہیں جسے اسمارٹ فون سے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

دبئی حکومت کے مطابق رواں سال جولائی سے ان ڈرونز کو شہر میں استعمال کیا جائے گا۔

یہ ڈرون ایک وقت میں آدھے گھنٹے تک پرواز کرسکتے ہیں جنھیں دبئی انتظامیہ کی جانب سے ایک کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔

اس ڈرون میں ایک مسافر ہی سفر کرسکتا ہے اور چینی کمپنی کے مطابق اسے مختصر فاصلے تک سفر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے یا یوں کہہ لیں کہ اس کی مدد سے 10 میل تک کا سفر کیا جاسکتا ہے۔

اس ڈرون کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ ہے جو کہ کسی ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈ کرتا ہے۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں