باراتیوں کی بس کھائی میں گرنے سے 17 ہلاکتیں

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلندری میں ایک مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے میں کم ازکم 17افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مظفرآباد سے مقامی صحافی اورنگزیب جرال کے مطابق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی ضلع پلندری کے ڈپٹی کمشنر ابرار اعظم کے مطابق ہجیرہ جانے والی باراتیوں کی بس جنجال ہل کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین اور 12 مرد شامل ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق 25 زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں 10 کی حالت تشویشناک ہے۔

بس میں 63 مسافر سوار تھے۔ زخمیوں کی کل تعداد 47 بتائی گئی ہے جن میں 22 مرد تین بچے اور 22 عورتیں شامل ہیں۔

سرکاری ریڈیو کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد 18 بتائی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے کہنا ہے کہ بس کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گاڑیوں پر ہونے والے بیشتر حادثات سڑکوں کی خراب حالت یا پھر ڈرائیورز کی غلفلت کے باعث پیش آتے ہیں۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں