سام سنگ کا گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری پھٹنے کی وجوہات کا اعلان

دبئی – سلطان بتاوی ، علاء المنشاوی

سام سنگ کمپنی نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں گزشتہ برس اگست میں متعارف کرائے جانے والے اسمارٹ فون گلیکسی “نوٹ 7” کی بیٹری پھٹ جانے کی وجوہات کا اعلان کیا ہے۔ سام سنگ نے 30 لاکھ فون فروخت ہو جانے کے بعد مذکورہ اسمارٹ فون کو دنیا بھر کی مارکیٹ سے واپس لے لیا تھا جس کے نتیجے میں کمپنی کو تقریبا 5.3 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

واضح رہے کہ “نوٹ 7” اسمارٹ فون کو اس کی خصوصیات کی بنا پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی تھی تاہم فون کی بیٹری گرم ہونے کے بعد اچانک آگ پکڑنے کے پَے در پَے واقعات کے بعد تمام فون سیٹ کو واپس لینے کا اعلان کیا گیا۔
سیول کی پریس کانفرنس میں کمپنی نے بیٹری پھٹنے اور فون بیٹری کے دباؤ نہ برداشت کرنے کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ پہلے اور دوسرے ورژن کے حوالے سے حادثات کے واقعات اور آٹھ مختلف پہلوؤں سے بیٹری ٹیسٹ کرنے کے تجربے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ کمپنی کے مطابق صارفین کی سلامتی اس کی اولین ترجیح اور نصب العین اور کمپنی نے اس ناکام تجربے کے سبب اپنی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

700 ماہرین کے شرکت کے ساتھ تجربے

پریس کانفرنس میں سام سنگ کمپنی نے بتایا کہ فون کو جانچنے کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ اور تجربات میں متعدد بیرونی اداروں کا تعاون حاصل کیا گیا۔ اس سلسلے میں بہترین صلاحیتوں کے حامل تقریبا 700 محققین اور انجینئروں 2 لاکھ سے زیادہ فون سیٹ اور 30 ہزار بیٹریوں کی جانچ کی یہاں تک وہ ان حادثات کی وجوہات کو جاننے میں کامیاب ہو گئے۔
سام سنگ کے مطابق اس مسئلے میں اہم ترین کردار فون کے ڈیزائن کا رہا۔ بڑا حجم رکھنے والی 3500 ملی ایمپیئر کی طاقت ور بیٹری اپنے لیے مختص جگہ میں اپنے لیے مناسب گنجائش حاصل نہیں کر سکی۔
بیٹریوں کی پہلی کھیپ میں صنعتی عیب پایا گیا جو کہ بیٹری کے بالائی داہنی حصے میں تھا۔ اس کے نتیجے میں بیٹری کے نیگیٹو الیکٹروڈز متاثر ہو کر کرنٹ کی روانی جاری رکھتے تھے اور بیٹری گرم ہو کر دھماکے سے پھٹ جاتی تھی۔ دوسری کھیپ میں بیٹری کے حفاظتی بُش کے اندر مسئلہ پایا گیا جس کے نتیجے میں ہونے والا رساؤ بیٹری کا درجہ حرارت بڑھا دیتا تھا اور بعض مرتبہ یہ پھٹ جاتی تھی۔

باریک بینی سے جانچ

سام سنگ کمپنی نے مستقبل میں سابقہ ناکام تجربے سے بچنے کے لیے بیٹری کی جانچ کے لیے 8 نکات پر مشتمل معائنے کا طریقہ کار متعین کیا ہے۔ ان میں بعض نکات پرانے ہیں اور بقیہ دیگر نئے اقدامات کو شامل کیا گیا ہے۔
سام سنگ کمپنی نے جن آٹھ طریقوں سے ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے ان میں بیٹری کی اوور چارجنگ ، ناخن سے بیٹری کے غلاف کو اکھیڑنا اور انتہائی درجہ حرارت کا سامنا شامل ہے۔ ان کے علاوہ سام سنگ ہر بیٹری کا “ایکس – رے” بھی کرے گی تاکہ اس میں کسی بھی ممکنہ بے قاعدگی کا انکشاف کیا جا سکے۔ ایک اور جانچ میں بیٹری میں کسی بھی رساؤ یا وولٹیج کی تبدیلی کو پرکھا جائے گا۔
فون سیٹ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سام سنگ کمپنی نے صارفین کی جانب سے سیٹ کے مسلسل اور کثیر استعمال کو بھی جانچنے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں