یونس خان ٹاپ فائیو ٹیسٹ بلے بازوں میں شامل

اوول ٹیسٹ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے پاکستانی بلے باز یونس خان آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں سر فہرست پانچ کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

پاکستانی کرکٹر یونس خان آئی سی سی کی بلے بازوں کی نئی درجہ بندی میں 11ویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ان کی یہ ترقی انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ڈبل سنچری بنانے کی بدولت ہوئی ہے۔

اس میچ میں یونس خان نے اپنے کریئر کی چھٹی ڈبل سنچری سکور کی تھی جس کی بدولت پاکستان انگلینڈ کو اوول ٹیسٹ میں دس وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب ہوا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز پر یونس خان اس درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن پر ہی تھے لیکن ایجبیسٹن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد وہ دس بہترین بلے بازوں کے فہرست سے نکل گئے تھے۔

نئی درجہ بندی سے قبل وہ انڈین بلے باز اجنکیا ریہانے کے ساتھ 11ویں پوزیشن پر موجود تھے۔ ریہانے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کے باعث آٹھویں پوزیشن پر آنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ بدستور پہلے اور انگلینڈ کے جو روٹ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

ٹاپ ٹین میں ایک اور نئی انٹری نویں نمبر پر نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر کی ہے جنھوں نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کی 124 اور 67 رنز کی اننگز کھیلیں۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں سنچریاں بنانے والے اظہر علی اور اسد شفیق کی درجہ بندی میں بھی بہتری ہوئی ہے اور وہ اب 17ویں اور 15ویں نمبر پر ہیں۔

انگلش آل راؤنڈر معین علی کی رینکنگ میں چھ درجے بہتری آئی ہے اور وہ اب 26ویں نمبر پر موجود ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے اور انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن بدستور سب سے اوپر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے یاسر شاہ کی پانچویں پوزیشن برقرار ہے۔

تاہم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 26 وکٹیں لینے والے آل راؤنڈر کرس ووکس 18ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض اور سہیل خان بالترتیب 27ویں اور 41ویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں انڈیا کے روی چندرن ایشون پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کے مچل سٹارک پہلی مرتبہ ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں