رونی عالمی کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلینڈ ٹیم کے کپتان وین رونی نے کہا ہے وہ دو ہزار اٹھارہ میں روس میں ہونے والےعالمی کپ کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

یہ بات وین رونی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انگلینڈ ٹیم کے نئے مینیجر نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ وین رونی کو کپتان کی حیثیت سے برقرار رکھیں گے۔

’روس کا وقت آئے گا تو میں محسوس کروں گا کہ ان بین الاقوامی فٹ بال کو خیرباد کہنے کا وقت آ گیا ہے۔اس بارے میں میں نے اپنا ذہن بنا لیا ہے۔‘

وین رونی نے کہا: ’اس بات کو ابھی دو سال باقی ہیں۔ میں نے جب پروفیشنل فٹ بال کھیلنا شروع کیا تھا تو میری عمر صرف سولہ سال تھی جبکہ بین الاقوامی فٹ بال میں سترہ سال کی عمر سے کھیل رہا ہوں۔ پندرہ سال ایک طویل عرصہ ہے اور اگلے ٹورنامنٹ تک میں چونتیس سال کا ہو جاؤں گا۔‘

وین رونی نے اگر اتوار کو سلواکیہ کے خلاف ہونے والے میچ میں حصہ لیا تو وہ ڈیوڈ بیکہم کا ایک آؤٹ فیلڈ کھلاڑی کا سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

رونی نے نئے مینیجر سے ابھی تک اس بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی کہ وہ کس پوزیشن پر کھیلیں گے۔

انہوں نے یورو 2016 میں سابق مینیجر روئے ہاجسن کے زیر نگرانی ایک مڈفیلڈر کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔ روئے ہاجسن نے پری کواٹرفائنل ہی کے مرحلے میں انگلینڈ کی شکست کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں