کرشچیانو رونالڈو ریال میڈرڈ میں ہی رہیں گے

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پچیس جولائی بروز منگل بتایا ہے کہ رئیل میڈرڈ کے اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کلب بدلنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
ایک ہسپانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بتیس سالہ رونالڈو نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں انہیں رئیل میڈرڈ میں بہت زیادہ عزت ملی اور اس ٹیم نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں اور وہ مستقبل میں بھی رئیل میڈرڈ کے ساتھ رہتے ہوئے ہی ایسی مزید کامیابیوں کے حصول کے لیے کوشاں رہیں گے۔
گزشتہ ماہ پرتگیزی اخبار O Globo نے کہا تھا کہ رونالڈو آئندہ سیزن میں رئیل میڈرڈ کا حصہ نہیں رہیں گے۔ یہ خبر اس وقت زیادہ گرم ہو گئی تھی، جب رونالڈو نے اس کی تردید نہیں کی تھی۔ گزشتہ ہفتوں کے دوران رونالڈو کے مداحین اس معاملے پر کافی زیادہ بحث مباحثہ کرتے رہے کہ آخر کیا وجہ ہوئی کہ رونالڈو نے رئیل میڈرڈ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہسپانوی ٹیکس حکام کی تحقیقات کے باعث ایسے امکانات بڑھ گئے تھے کہ غالبا رونالڈ اپنے کلب کو چھوڑ کر کسی اور کلب کو جوائن کر لیں۔ رونالڈو پر الزام ہے کہ انہوں نے 14.7 ملین یورو کی ٹیکس چوری کی ہے۔ اکتیس جولائی کو انہوں نے میڈرڈ کی ایک عدالت میں پیش ہونا ہے، جہاں وہ خود پر عائد ایسے چار مختلف الزامات کا دفاع کریں گے۔

تبصرے

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں